صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بجٹ 2025 پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے شفافیت، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
انہوں نے اس بجٹ کو پنجاب کی تاریخ کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک مالیاتی دستاویز نہیں بلکہ ایک عوامی منشور ہے، جس میں ہر طبقے کی بہتری، ہر شعبے کی ترقی اور ہر فرد کے روشن مستقبل کا وعدہ موجود ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دیے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام، صحت کی سہولیات میں انقلابی پیش رفت ہے، جب کہ دو ایئر ایمبولینسز کی فراہمی صحت کے شعبے میں ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ترقی کے لیے سکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی فراہمی کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے تاکہ نوجوان نسل کو بااختیار بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: انڈیا کچھ کرے گا تو پہلے سے زیادہ جواب ملے گا، ہمارا جوہری پروگرام اپنے دفاع کے لیے ہے، پاکستان
مجتبیٰ شجاع الرحمان کے مطابق کسانوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں سبسڈی، آسان قرضوں اور تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی کے لیے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے بجٹ تقریر میں “ستھرا پنجاب” مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم نہ صرف ماحولیاتی بہتری کا ذریعہ بنے گی بلکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
وزیر خزانہ نے مریم نواز کی ایک سالہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی خدمت کس طرح کی جاتی ہے۔ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو ایک مثالی صوبے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وسائل کے درست استعمال، شفافیت اور عوامی بھلائی پر مبنی یہ بجٹ آنے والے دنوں میں پنجاب کو نہ صرف معاشی استحکام دے گا بلکہ سماجی انصاف اور ترقی کی نئی راہیں بھی کھولے گا۔