Follw Us on:

ایران پر اسرائیلی حملے روکے جائیں، عرب ممالک

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Arab and muslim leaders

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں قطر کی قیادت میں عرب و اسلامی ممالک نے اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صورتِ حال خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ بیان کے مطابق، 13 جون 2025 سے ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں عالمی  قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، اور انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

Arab, muslim leaders

بیان پر دستخط کرنے والے ممالک میں قطر، الجزائر، بحرین، برونائی دارالسلام، چاڈ، کوموروس، جبوتی، مصر، عراق، اردن، کویت، لیبیا، موریطانیہ، پاکستان، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، ترکیہ، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ “ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے اور عالمی تعلقات میں اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر عمل کیا جانا چاہیے۔”

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت، سفارت کاری اور اقوامِ متحدہ کے فریم ورک کے اندر تلاش کیا جانا چاہیے۔”عرب اور اسلامی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو “جارحیت” قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ تمام فریق صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کو کسی ممکنہ بڑی جنگ کی طرف دھکیلنے سے گریز کریں۔

تاحال اسرائیلی حکومت نے اس مشترکہ بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔ ایران کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی نیا بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ایران ماضی میں اسرائیلی کارروائیوں کو اپنی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دے چکا ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس