اسرائیل نے غزہ میں ٹینکوں، مشین گنوں اور ڈرونز سے فائرنگ کر کے 70 فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا۔
عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی شہر خان یونس کی مرکزی مشرقی شاہراہ پر امداد کے حصول کے لیے جمع ہونے والے بے بس شہریوں پر فائرنگ کی۔
نصر اسپتال کے طبی عملے کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث شہادتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 200 سے زائد ہے، اسرائیلی ڈرونز نے شہریوں پر فائرنگ کی، کچھ دیر بعد اسرائیلی ٹینکوں نے متعدد گولے فائر کیے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آٹے کی امداد کی امید میں جمع ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فائرنگ سے مزید 41 افراد شہید
الجزیرہ کے نمائندے ہانی محمود کے مطابق جو غزہ شہر سے رپورٹنگ کر رہے ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینک، بھاری مشین گنیں اور ڈرون حملے مسلسل عوام پر برسائے جا رہے تھے۔
غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن مراکز کے قریب اب تک کا سب سے خونی دن ثابت ہوا، جہاں 70 سے زائد افراد شہید ہوئے۔ اس سے پہلے پیر کے روز 38 افراد کی شہادت کے ساتھ ریکارڈ قائم ہوا تھا، جن میں سے زیادہ تر خان یونس کے جنوب میں واقع رفح کے علاقے میں جاں بحق ہوئے تھے۔