پاکستان کے اسکواش کھلاڑی ناصر اقبال ایشین اسکواش چیمپئن شپ 2025 کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ساتھی کھلاڑی نور زمان پری کوارٹر فائنل مرحلے میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
ایونٹ ملائیشیا کے شہر کوچینگ میں جاری ہے، جہاں ناصر اقبال نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے لائی چیوک نم کو 3-1 سے شکست دی۔ میچ کا اسکور 11-7، 2-11، 11-5 اور 11-8 رہا۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ ہانگ کانگ ہی کے ہینری لیونگ سے ہو گا۔ واضع رہے کہ، قبل ازیں، ناصر اقبال نے راؤنڈ 32 میں کوریا کے جائجن یو کو سیدھے گیمز میں 5-11، 2-11 اور 4-11 سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب، ورلڈ انڈر 23 چیمپئن نور زمان پری کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے جواسم چواہا کے خلاف 3-2 سے شکست کھا گئے۔ نور زمان میچ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا رہے، تاہم انجری کے باوجود انہوں نے مکمل میچ کھیلا۔ میچ کا اسکور 11-3، 11-3، 3-11، 10-12 اور 11-2 رہا۔
ٹورنامنٹ کے آغاز میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے کامیاب آغاز کیا تھا۔ نور زمان نے راؤنڈ آف 32 میں سنگاپور کے آرون جون لیانگ کو 1-3 سے شکست دی تھی۔ اس میچ کا اسکور 7-11، 11-6، 6-11 اور 3-11 رہا۔
اسکواش تجزیہ کاروں کے مطابق، چیمپئن شپ میں ناصر اقبال کی پیش رفت پاکستانی اسکواش کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم نور زمان کی انجری سے کارکردگی متاثر ہوئی۔ فی الحال پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے نور زمان کی انجری یا ممکنہ بحالی کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔