لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے آئی ٹی پروگرام میں شریک نوجوانوں سے ایک خصوصی نشست کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطاب میں کہا کہ بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی دراصل امن کی فتح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ کے بجائے امن کو ترجیح دی ہے، اور نوجوان اس وقت معلومات کی جنگ میں پاکستان کے پہلے سپاہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر حملہ اور جنگ، پاکستان کیا ساتھ دے سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار آج کے دور میں انتہائی اہم ہے، کیونکہ وہ رائے عامہ کو تشکیل دینے اور پاکستان کا دفاع کرنے میں ایک مضبوط مورچہ ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک منظم، پیشہ ور اور آئین کے تابع فورس ہے، جو ریاست کے احکامات کے تحت اپنے فرائض انجام دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر نوجوانوں نے بھی اپنے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی محاذ پر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ طلبا نے کہا کہ پاک فوج ملک کی شناخت ہے اور عوام اس کی اصل طاقت ہیں۔
نشست کے اختتام پر شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے اظہار تشکر کیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی ملاقاتوں کی خواہش ظاہر کی۔ اختتامی لمحوں میں “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔