وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصول میں ملوث دو ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شاہراہِ عراق، صدر کے علاقے سے دو ایجنٹس کو گرفتار کیا، جن کی شناخت محمد اسلام اور گلزار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان جعلی شناختی دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی طور پر پاکستانی پاسپورٹ بنوانے میں ملوث تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ عدد پاسپورٹ، متعدد شناختی کارڈز کی رنگین نقول اور بینک چالان بھی برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد پاسپورٹس کی موجودگی سے متعلق تسلی بخش وضاحت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔