Follw Us on:

اپوزیشن ارکان کو یاد ہونا چاہیے کہ ماضی میں کیسے زبان بندیاں ہوتی رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Uzma bukhari
جنوبی پنجاب میں حقیقی ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

صوبائی وزیرِ اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کو یہ یاد ہونا چاہیے کہ یہاں ماضی میں کیسے زبان بندیاں ہوتی رہی ہیں۔ مجھے سابق دور حکومت میں اس ایوان میں چار سال بات کرنے نہیں دی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کو بجٹ میں ترجیح دی ہے، جس میں امن و امان، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے لیے 300 ارب روپے، تعلیم کے لیے 811 ارب روپے، جب کہ صحت کے شعبے کے لیے 630 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں انہیں اس ایوان میں چار سال تک بولنے کی اجازت نہیں دی گئی اور آج جو اپوزیشن ارکان تنقید کر رہے ہیں، وہ اس رویے کو نہ بھولیں جو ماضی میں اپنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جب حکومت سنبھالی، اس وقت پولیس دہشتگردوں کا نشانہ بن رہی تھی، لیکن اب پنجاب پولیس کو جدید اسلحہ اور وسائل سے لیس کر دیا گیا ہے اور پورے صوبے میں چوکیاں قائم ہو چکی ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن، جدید آئی ٹی لیبز، گوگل سرٹیفکیٹ، لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی لیپ ٹاپ اسکیم کو جھوٹے مقدمات کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ وہ نوجوانوں کے مستقبل کی سرمایہ کاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے میدان میں بھی نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی، ہیلتھ کلینکس کی ری ویمپنگ اور ینگ ڈاکٹرز کے ذریعے علاج کی فراہمی کو وسعت دی گئی ہے۔ فیلڈ اسپتالوں سے 92 لاکھ افراد استفادہ کر چکے ہیں، جب کہ کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی مفت ادویات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

Maryam nawaz
اپوزیشن ارکان کو یاد ہونا چاہیے کہ ماضی میں کیسے زبان بندیاں ہوتی رہی ہیں۔ (فوٹو: فائل)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں اب سندھ، گلگت، کشمیر اور کے پی کے شہری بھی علاج کی سہولیات حاصل کرنے آتے ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان سے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر سوال کیا جا رہا ہے تو پہلے ان سے بھی پوچھا جائے جنہوں نے ماضی میں بلدیاتی نمائندوں کو برخاست کیا۔ مریم نواز نے سمبریال الیکشن میں سرپرائز دے کر واضح کر دیا ہے کہ وہ ہر سطح پر عوامی نمائندگی کو ترجیح دیتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں حقیقی ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جیسے تونسہ میں کھچی کینال، مظفرگڑھ میں شریمپ فارمنگ پراجیکٹ، لیہ میں میڈیکل کالج اور ملتان میں ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل کا قیام شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز ہفتے میں تین سے چار اجلاس صرف مہنگائی پر لیتی ہیں اور عام عوام کی زندگی آسان بنانے کے لیے خود سبزیوں، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں پر بھی نظر رکھتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز سب کی وزیراعلیٰ ہیں، وہ سیاست سے بالاتر ہو کر ترقیاتی کام کرواتی ہیں، یہاں تک کہ مخالفین کے علاقوں میں بھی سڑکیں اور گلیاں بن رہی ہیں۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے خبردار کیا کہ ایوان میں بدتمیزی، بدزبانی اور گالم گلوچ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اپنایا تو انہیں اسی لہجے میں جواب دیا جائے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس