بالی وڈ اداکار اور کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کی فرنچائز ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) کے مالک شاہ رخ خان نے دو پاکستانی کرکٹرز سے معاہدہ کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم میں شامل کیے جانے والے کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر محمد عامر اور آف اسپنر محمد عثمان طارق شامل ہیں۔ محمد عامر اس سے قبل بھی سی پی ایل کے چار سیزن کھیل چکے ہیں اور انتالیس میچز میں 18.09 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق محمد عامر کو ڈیتھ اوورز میں اپنی سوئنگ اور مہارت کی بدولت ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مضبوط بنانے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ فرنچائز کی جانب سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ثابت ہوں گے۔

دوسری جانب محمد عثمان طارق پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ڈیبیو کریں گے۔ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے پانچ میچز میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کئی عالمی کرکٹ فرنچائزز کے مالک ہیں اور ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز سی پی ایل کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، جس نے اب تک چار بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے پر تاحال پابندی عائد ہے، جس کے باعث محمد عامر سمیت دیگر پاکستانی کرکٹرز کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت حاصل نہیں ہے۔