پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع دوکی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے انڈین حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم “فتنہ الہندستان” کے ٹھکانے پر ایک اہم آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کا مؤثر محاصرہ کیا گیا، جہاں جھڑپ کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دو انڈین سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک، جب کہ دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ گرفتار شدہ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سینٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو فرار ہونے سے روکا جا سکے اور خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے حق میں عالمی عدالت کا فیصلہ: ’دریائے سندھ پاکستان، خصوصاً سندھ کی لائف لائن ہے‘
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ آپریشن اس عزم کا مظہر ہے کہ پاکستان کسی بھی بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کو ملک میں پنپنے نہیں دے گا اور ہر صورت میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سیکیورٹی ادارے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔