وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم محمد ناظم کوکوئٹہ سے گرفتار کیا گیا، جب کہ ملزم کا تعلق سرگودھا سے ہے۔
ترجمان کے مطابق محمد ناظم غیر قانونی راستوں سے پاکستانی شہریوں کو ایران اور ترکی منتقل کرتا تھا۔ ملزم نے تہران میں ایک سیف ہاؤس بھی قائم کر رکھا تھا، جہاں متاثرہ افراد کو قید رکھا جاتا اور ان پر تشدد کر کے ان کے اہلِ خانہ سے پاکستان میں تاوان وصول کیا جاتا تھا۔
پی آر نمبر: 499/2025
— Federal Investigation Agency – FIA (@FIA_Agency) June 29, 2025
فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی،
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان کی بڑی کارروائیاں
2 مقدمات درج 1 ایجنٹ محمد ناظم گرفتار
گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا اہم کارندہ ہے
ملزم غیر قانونی راستوں سے شہریوں کو بیرون ملک منتقل کرنے میں ملوث ہے pic.twitter.com/8GfQBErD58
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹ کو غیر قانونی ٹرانزیکشن کے لیے استعمال کرتا رہا۔ دورانِ تفتیش متاثرہ شہریوں کی تصاویر اور انسانی اسمگلرز سے روابط کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن، انڈین سرپرستی میں کام کرنے والے دو دہشتگرد ہلاک
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور عوام کو اس خطرناک نیٹ ورک سے محفوظ رکھا جائے گا۔