Follw Us on:

مستونگ میں ایک بار پھر حملہ، بینک، تحصیل دفتر لٹ گیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
حملہ
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل دفتر اور دو بینکوں پر حملہ کیا ہے: (تصویر: بی بی سی)

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل دفتر اور دو بینکوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

’علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔‘
ڈی ایس پی کے مطابق مسلح افراد بعد ازاں تحصیل آفس سے نکل کر قریبی بینک میں داخل ہو گئے۔ (تصویر: بی بی سی)

ڈی ایس پی مستونگ محمد یونس مگسی کے مطابق حملہ آوروں نے سب سے پہلے مستونگ شہر کے مرکزی علاقے میں واقع تحصیل آفس پر حملہ کیا۔ ان نے کہاکہ تحصیل آفس پر حملے کے بعد پولیس فورس موقع پر پہنچی، جس پر حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران دونوں جانب سے مقابلہ ہوا۔

ڈی ایس پی کے مطابق مسلح افراد بعد ازاں تحصیل آفس سے نکل کر قریبی بینک میں داخل ہو گئے، جہاں انہوں نے مزید فائرنگ کے علاوہ راکٹ بھی فائر کیے۔ محمد یونس مگسی کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے بینک میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے صورتحال قابو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے دوران ایک بچہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوا جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں ابھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

9 killed
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے دوران ایک بچہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوا جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ (تصویر: ڈان)

حکام کے مطابق فرنٹیئر کور ایف سی کی نفری کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈی ایس پی نے کہا ہےکہ ابھی تک جانی یا مالی نقصان کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔ صورت حال قابو میں لانے کے لیے تمام سکیورٹی ادارے فعال ہیں۔

واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مستونگ کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز اور طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

سرکاری سطح پر واقعے سے متعلق کسی قسم کا باضابطہ بیان یا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سکیورٹی اداروں کی کارروائی جاری ہے اور مزید تفصیلات وقت کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس