ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ سسٹم 8 جولائی تک برقرار رہے گا اور اس دوران مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 5 سے 10 جولائی کے دوران شدید بارشوں کی وارننگ دی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور جھنگ سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارشوں کی شدت بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: میرا نیا جنم ہوگا، جانشین انڈیا یا کسی اور ملک میں پیدا ہو سکتا ہے، تبت کے بدھ مت رہنما دلائی لاما کا اعلان
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ 7 جولائی کے بعد دریاؤں کے پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ندی نالوں اور برساتی پانی کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان سمیت متعدد علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سوات، پنجکوڑہ اور کابل ندی میں طغیانی کا خدشہ ہے اور مقامی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور بلند ہے۔
بلوچستان میں زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، لیکن بارکھان، کوہلو، ژوب، قلات، خضدار اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
اس صورتحال میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ عوام کو بھی احتیاط برتنے اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔