Follw Us on:

کراچی کے صنعتکاروں نے پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
policy rate
فائل فوٹو / گوگل

سائٹ صنعتی ایریا کراچی کے صنعتکاروں نے پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا، صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری احمد عظیم علوی کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک افراط زر میں مسلسل کمی کے پیش نظر پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لائے، 13 فیصد کی شرح اب بھی زیادہ ہے جس میں نمایاں کمی کی اب بھی بہت گنجائش ہے۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے افراط زر میں کمی کے پیش نظر پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لانے مطالبہ کیا ہے اور بین لاقوامی مارکیٹوں میں قدم جمانے کے لیے صنعتوں کو کم شرح پر قرضوں کی فراہمی کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملک کے بہتر معاشی مفاد میں ہمارے اس مطالبے پر ضرور غور کرنا چاہیے تاکہ صنعتکار برادری زائد پیداواری لاگت سمیت دیگر اخراجاتی مسائل سے بخوبی نمٹ سکے۔

جمعہ کو جاری ایک بیان میں سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پچھلی بار پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کی جو کہ ناکافی تھی اور13 فیصد کی شرح اب بھی زیادہ ہے جس میں نمایاں کمی کی اب بھی بہت گنجائش ہے۔ کیونکہ افراط زر میں مسلسل کمی آرہی ہے اس کے باوجود اسٹیٹ بینک کی جانب سے سنگل ڈیجٹ پر پالیسی ریٹ کو نہ لانا سمجھ سے بالا تر ہے۔

SBP-policy-rate-decrease
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی / فیس بک

احمد عظیم علوی کا کہنا تھا ہمارا مطالبہ تو پالیسی ریٹ میں 5 فیصد کمی کا ہے کیونکہ بتدریج کہ پالیسی ریٹ نیچے لانے سے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور بینکوں سے قرضے لینے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگا۔ جبکہ سرمائے کی قلت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ صنعتی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی بینکوں سے اسی صورت میں رجوع کرے گی جب انہیں کم شرح پر قرضوں کی سہولت میسر آئے گی۔ کیونکہ بزنس کمیونٹی سنگین معاشی بحران اور پیدواری لاگت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر زائد شرح پر قرضوں لینے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو یہ تجویز بھی دی کہ افراط زر میں ماہانہ بنیادوں پر بتدریج کمی آرہی ہے لہٰذا مرکزی بینک ہر 15 دن میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس بلائے اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لانے کے اقدامات کرے جس کا تاجر برادری تہہ دل سے خیرمقدم کرے گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس