Follw Us on:

’پانچ ممالک میں جنگیں رکوائیں‘, ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو نوبیل امن انعام کا بہترین امیدوار قرار دے دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Trump iowa
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایوارڈ اکثر ایسے افراد کو ملتا ہے جنہیں عوام جانتے بھی نہیں۔ (فوٹو: رائٹرز)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر خود کو نوبیل امن انعام کا بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کے پانچ مختلف ممالک میں جنگیں رکوائیں اور ایٹمی ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور انڈیا کو بھی ممکنہ جنگ سے بچایا۔

ریاست آئیوا میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایٹمی تصادم کا خطرہ تھا، لیکن اُن کی کوششوں سے دونوں ممالک میں سیزفائر ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگو اور روانڈا، کوسوو اور سربیا جیسے ملکوں کے درمیان کشیدگی کو بھی کم کرایا۔

نوبیل انعام سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایوارڈ اکثر ایسے افراد کو ملتا ہے جنہیں عوام جانتے بھی نہیں، جبکہ وہ خود حقیقی معنوں میں عالمی امن کے لیے کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انہیں نوبیل انعام ملنا چاہیے۔

انہوں نے ایک اور دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ امریکی طیاروں نے ایران کی جوہری تنصیبات پر 37 گھنٹے طویل پرواز کے بعد حملے کیے اور انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

امریکی داخلی معاملات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پروگرام شروع کر دیا ہے اور اب امریکا میں غیر قانونی داخلہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کے دور میں لاکھوں غیر قانونی مہاجرین داخل ہوئے لیکن اب اس پر مکمل روک لگا دی گئی ہے۔

Trump..
انہوں نے کہا کہ چند روز میں 10 سے 12 ممالک کو ٹیرف سے متعلق خطوط ارسال کیے جائیں گے۔ (فوٹو: اے پی)

انہوں نے “بگ بیوٹی فل بل” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کی بنیاد رکھی گئی ہے، جس کے تحت امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس کمی کی گئی ہے اور سوشل سیکیورٹی پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

معیشت کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابقہ دور میں معیشت مستحکم تھی اور اگر دوبارہ صدر بنے تو مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز نہ بھیجتے تو پورا شہر جل کر تباہ ہو جاتا۔

ٹرمپ نے نیویارک کے میئر کے امیدوار زہران ممدانی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ پولیس کی فنڈنگ ختم کرنے کے نعرے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند روز میں 10 سے 12 ممالک کو ٹیرف سے متعلق خطوط ارسال کیے جائیں گے تاکہ امریکا کا معاشی مفاد محفوظ رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ اگر حماس جنگ بندی پر آمادہ ہوئی ہے تو آئندہ 24 گھنٹوں میں واضح ہو جائے گا کہ بات آگے بڑھ سکتی ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت پاکستان نے صدر ٹرمپ کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس سفارش میں پاکستان نے تسلیم کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت نے جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے بچایا، خاص طور پر مسئلہ کشمیر میں ان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا گیا تھا۔ پاکستان نے انہیں ایک “اصل ثالث” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی امن اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے ان کا کردار اہم ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس