لاہور ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار تمام افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازم کر دیا ہے، ایک ہفتہ تک آگاہی دی جائے اس کے بعد چالان کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاھور ڈاکٹر اطہر وحید نے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، موٹر سائیکل پر اب دوسرا سوار بھی ہیلمٹ پہنے گا اور گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ والا بھی سیٹ بیلٹ لگائے گا۔
سی ٹی او لاھور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ فیصلہ لوگوں کو ہیڈ انجریز سے محفوظ رکھنے کے لئےکیا گیا، اس کا مقصد انسانی زندگی بچانا ھے۔ ہمارا ہدف یہ ھے کہ سڑک پر ھونے والے حادثات کو بڑھنے سے روکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو پہلے ایک ہفتے آگاہی اور وارننگ دی جا رہی ھے اس کے بعد کارروائی کریں گے۔ خواتین کی زندگی بھی اتنی ہی اہم ھے جتنی مردوں کی، ہمیں وقت کے ساتھ چلنا ھوگا۔ ہمیں ایک قدم آگے چلنا ھوگا، آئندہ 5 سال میں ہم لاھور اور پنجاب کو کیسا دیکھنا چاھتے ہیں یہ فیصلہ ہمیں آج کرنا ھوگا۔
سی ٹی او لاھور نے یہ بھی کہا کہ دن کے وقت ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ھے، آئل ٹینکرز بھی رات 11 بجے شہر میں داخل ھوں گے۔ میرا اولین مقصد شہریوں کے لئے کلین لاھور دیناھے شہریوں کو واضح تبدلی نظر آئے گی۔ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ، فیلڈ افسران اور ٹریفک ایف ایم 6۔88 کے ذریعہ سے اگاہی مہم دے رھے ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق لاہور شہر میں رجسٹرڈ 80 لاکھ وہیکلز میں سے 53 فیصد موٹر سائیکل ہیں، ہیلمٹ پہننے سے اموات کی شرح میں 26 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ حادثات میں ہیڈ انجری کے باعث اموات کی شرح میں 50 فیصد کمی لانا ہمارا ہدف ہے جس کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ جولائی 2023 میں لاہور ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانے کی رقم کو بڑھا کر 2000 روپے کر دیا تھا اور ابتدائی 2 ہفتوں میں لاہور ٹریفک پولیس نے 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کے چالان کاٹے تھے۔ شہر بھر کی سڑکوں پر ہیلمٹ نہ پہننے والے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا جو آج تک جاری ہے۔
اب موٹرسائیکل پر سوار دوسرے فرد پر بھی ہیلمٹ پہننا لازم قرار دیا گیا ہے جس کے بعد ٹریفک پولیس کے کریک ڈاؤن میں مزید اضافہ ہو گا، موٹرسائیکل سواروں کے ساتھ ساتھ اب گاڑی میں سوار افراد کو بھی سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ موٹر سائیکل سوار خاص طور پر آن لائن بائیک رائیڈرز دوسرا ہیلمٹ خریدنے کو جیب پر بوجھ قرار دیتے ہیں۔ لیکن اب تمام موٹر سائیکل سوارو کو ہیلمٹ خریدنا پڑے گا نہیں تو بھاری چالان ہوں گے۔