Follw Us on:

کراچی: رہائشی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Website web image logo (19)
اب بھی ملبے تلے مزید افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ (فوٹو: گوگل)

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گرنے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی ملبے تلے مزید افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آج کے دن 4 لاشیں نکالی گئی ہیں، جن میں 10 مرد، 7 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن احتیاط کے ساتھ جاری ہے تاکہ زندہ افراد کو بھی بچایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید کھوسو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ریسکیو آپریشن اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس مکمل عمل میں مزید 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اب بھی 10 سے 12 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔

ڈی سی ساؤتھ نے انکشاف کیا کہ یہ عمارت تین سال قبل ہی خطرناک قرار دی جا چکی تھی اور ڈیڑھ ماہ قبل باقاعدہ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لیاری میں اس وقت 22 انتہائی خطرناک عمارتیں موجود ہیں، جن میں سے 16 کو خالی کرایا جا چکا ہے۔ باقی عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Website web image logo (20)
یہ عمارت تین سال قبل ہی خطرناک قرار دی جا چکی تھی۔ (فوٹو: گوگل)

جاوید کھوسو کا کہنا تھا کہ نوٹس جاری کرنے کے بعد مکینوں کو عمارت خالی کرنے کی ہدایات دی جاتی ہیں اور خطرناک عمارتوں کے بجلی اور گیس کنکشن منقطع کیے جاتے ہیں۔ اگر اس کے باوجود عمارت خالی نہ کی جائے تو قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ریسکیو ٹیمیں، مقامی انتظامیہ اور دیگر امدادی ادارے جائے وقوعہ پر مسلسل موجود ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی، پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 4 افراد جاں بحق، 6 رخمی، ریسکیو آپریشن جاری

یاد رہے کہ واقعہ گزشتہ روز صبح تقریباً گیارہ بجے پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کی گئی، تاہم تنگ گلیوں کے باعث مشینری کے داخلے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، امدادی ادارے اور علاقہ مکین مل کر ملبے میں دبے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متاثرہ عمارت کے قریب واقع دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس پر حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید عمارتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس