خیبرپختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی نشستوں پر انتخابات میں تحریک انصاف کو بڑا سیاسی نقصان ہونے کا امکان ہے اور پارٹی کم از کم 3 کنفرم نشستوں سے محروم ہو سکتی ہے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ/علماء کی نشستوں پر پولنگ 21 جولائی 2025 کو خیبرپختونخوا اسمبلی بلڈنگ میں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے اس سے قبل 2 اپریل 2024 کو سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے تھے، جس کی وجہ مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی کے حلف نہ لینا اور الیکٹورل کالج کا نامکمل ہونا تھا۔
واضح رہے کہ اب نئی صورتِ حال میں تحریک انصاف کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ 145 رکنی ایوان میں تحریک انصاف کے پاس 92 نشستیں، جب کہ اپوزیشن کے پاس 53 ارکان ہیں۔ اگر مخصوص نشستوں کا مسئلہ نہ ہوتا تو اپوزیشن محض ایک سیٹ ہی جیت پاتی، مگر اب اپوزیشن کے لیے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کا راستہ کھل گیا ہے اور پی ٹی آئی کے لیے نشستوں کی تعداد 10 سے کم ہو کر 7 تک محدود ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخابات کے لیے بھی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پبلک نوٹس 9 جولائی 2025، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 10 اور 11 جولائی ہے، جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال 16 جولائی کو ہوگی اور پولنگ 31 جولائی 2025 کوہوگی۔
اسی طرح مرحوم سینیٹر ساجد میر کی خالی نشست پر بھی انتخابی شیڈول جاری کیا گیا ہے، جو پہلے الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ شیڈول کے بعد خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن چکے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔