نئے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ میں عائد کیے گئے اضافی ٹیکسز کے باوجود سازگار انجنئرنگ لمیٹڈ نے ہیوال گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ نیو انرجی ویہیکلز ایڈاپشن لیوی کی لاگت خود برداشت کرے گی اور صارفین پر اس کا بوجھ نہیں ڈالے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے دیگر بڑے آٹو مینوفیکچررز جیسا کہ پاک سوزوکی اور کیا لکی موٹرز، نے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ حالیہ بجٹ میں سیلز ٹیکس اور دیگر محصولات میں اضافہ بتایا ہے۔

سازگار انجنئرنگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ہم ایک ذمہ دار اور صارف مرکوز ادارہ ہونے کے ناطے ہمیشہ یہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنے صارفین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ ہیوال گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا مقصد مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنا اور صارفین کو ممکنہ مہنگائی سے بچانا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، ہیوال کی ایکس فیکٹری قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔ اس فیصلے کو کمپنی کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت وہ مہنگائی کے دباؤ کے باوجود صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

دوسری جانب پاک سوزوکی نے حالیہ بجٹ کے بعد اپنی مشہور گاڑیوں جیسا کہ آلٹو ،کلٹس اور سوئفٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کیا لکی موٹرز نے بھی سپورٹیج اور پکانٹو سمیت کئی ماڈلز کے نرخ بڑھا دیے ہیں۔ دونوں کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ اضافی ٹیکسز کے باعث پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جسے صارفین تک منتقل کرنا ناگزیر تھا۔

ہیوال کی جانب سے قیمتیں کم کرنے کا اقدام صارفین کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے ماحول میں جب کہ دیگر کمپنیوں نے نرخ بڑھا دیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سازگار انجنئرنگ لمیٹڈ کا یہ فیصلہ مارکیٹ میں مسابقت کو بڑھا سکتا ہے اور دیگر کمپنیوں پر بھی قیمتوں کے دوبارہ جائزے کے لیے دباؤ ڈال سکتا ہے۔
ابھی تک حکومتی سطح پر اس اعلان پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم امکان ہے کہ وزارتِ صنعت و پیداوار اور متعلقہ ریگولیٹری ادارے اس پیش رفت کا جائزہ لیں گے، خاص طور پر نیو انرجی ویہیکلز ایڈاپشن لیوی کے نفاذ کے بعد مختلف کمپنیوں کے ردعمل کا تقابلی مطالعہ کرتے ہوئے۔