وُزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، فصل کی کاشت سے پہلے ہی نیا منصوبہ دیں گے۔
مریم نواز کی زیر صدارت زرعی اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں زرعی شعبے کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں گرین ٹریکٹر پروگرام، ماڈل ایگریکلچر مالز، ٹیوب ویل کی سولرائزیشن، ایگری ایجویٹ ویٹ پروگرام، سپر سیڈر، سٹرس زون، پوٹھوہار زون اور ایگری ٹرانسفارمیشن جیسے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز ٹو کے آغاز کی اصولی منظوری دی گئی، جب کہ وزیراعلیٰ نے گندم کے کاشتکاروں کو امدادی نرخ پر زرعی مداخل فراہم کرنے کے لیے فوری پلان طلب کرلیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، فصل کی کاشت سے پہلے ہی نیا منصوبہ دیں گے۔
اجلاس میں گندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کے لیے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے پر اتفاق کرلیا گیا، جس کے تحت 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکار ڈیزل، کھاد، بیج اور زرعی ادویات حاصل کرسکیں گے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کسان کارڈ فیز ٹو میں ایک ہزار روپے پراسیسنگ فیس ختم کردی گئی اور 6 لاکھ 28 ہزار کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے 4,200 زرعی سپلائرز کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔
اجلاس میں گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کے تحت 20 ہزار سبسڈی والے ٹریکٹرز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ حکومت 50 سے 65 ہارس پاور ٹریکٹرز پر 5 لاکھ اور 75 سے 125 ہارس پاور پر 10 لاکھ روپے سبسڈی ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ اگست میں ٹریکٹر اسکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی، جب کہ ستمبر میں مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹرز کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا سخت نظام بھی قائم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے ملتان، سرگودھا، بہاولپور اور ساہیوال میں ماڈل ایگریکلچر مالز کو جولائی سے فنکشنل کرنے اور فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال، راجن پور، وہاڑی، رحیم یار خان، شیخوپورہ، اٹک اور میانوالی میں فیز ٹو کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایگری انٹرن شپ پروگرام کے تحت ایک ہزار ایگری گریجویٹس نے 20 لاکھ کاشتکاروں کی معاونت کی، جب کہ فیز ٹو میں دو ہزار انٹرنز کی ٹریننگ ستمبر میں اور فیلڈ سروس اکتوبر میں شروع ہوگی۔
سی ایم سولرائزیشن آف ایگری کلچر ٹیوب ویل منصوبے کے تحت 7,988 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی تکمیل ستمبر تک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئندہ پانچ سال میں پانچ لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔