صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جسے انہوں نے “فتنۃ الہندوستان” کی پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازش قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردوں نے بس سے اتار کر نہتے اور بےگناہ شہریوں کو بےدردی سے قتل کیا، جو کہ انڈیا کی سرپرستی میں چلنے والی خونریزی کی گھناؤنی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، لیکن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک پاکستان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ صدر نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نہتے شہریوں کا قتل کھلی دہشتگردی ہے جس کے پیچھے انڈیا کی منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے پوری قوت سے نمٹا جائے گا اور معصوم جانوں کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کے اتحاد، عزم اور طاقت سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس دلخراش واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا درندگی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین اسپانسرڈ دہشتگردوں نے ظلم کی نئی مثال قائم کی ہے، لیکن ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے آلہ کاروں کی ہر سازش کو قوم کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا اور ہر جگہ ان کا پیچھا کر کے انہیں ختم کیا جائے گا۔
تینوں اعلیٰ حکام نے ایک مؤقف میں اس واقعے کو پاکستان کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف قومی سطح پر بھرپور کارروائی کا عزم دہرایا۔