Follw Us on:

’کسی گرفتاری کی گنجائش نہیں‘ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا قافلہ خیبر پختونخوا سے لاہور کے لیے روانہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Pti leadership
روانگی سے قبل علی امین گنڈاپور نے تمام اراکین سے کہا کہ وہ مسلسل رابطے میں رہیں اور وقت کی پابندی کریں۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کا قافلہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں لاہور کے لیے روانہ ہو گیا۔ قافلے میں صوبائی صدر جنید اکبر، اسپیکر بابر سلیم سواتی، کابینہ کے وزراء، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور دیگر پارٹی رہنما شامل تھے۔

روانگی سے قبل علی امین گنڈاپور نے تمام اراکین سے کہا کہ وہ مسلسل رابطے میں رہیں اور وقت کی پابندی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ قافلے میں ہم آہنگی کے لیے خصوصی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں اور مزید ہدایات وقتاً فوقتاً دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی اور آئینی و جمہوری اقدار کے دفاع کے لیے نکالا گیا ہے۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قافلے میں شامل تمام افراد منتخب پارلیمنٹرینز ہیں اور کسی گرفتاری کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے بات کریں گے اور پنجاب کے نمائندوں سے ہمارا رابطہ ہے۔

رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم لاہور لڑنے نہیں جا رہے، ہمارا آئینی حق ہے کہ آزادانہ ملک میں سفر کریں، جیسے کہ آرٹیکل 15 میں واضح ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد نہ صرف یکجہتی ہے بلکہ سیاسی تحریک کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرنا بھی ہے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ قافلہ جہلم کے قریب نمازِ ظہر کے لیے رکے گا اور لاہور میں قیادت قیام کرے گی، خیبرپختونخوا وفد کی رہائش کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ قوم جاگ چکی ہے، ظلم حد سے بڑھ چکا ہے، ہر زبان پر یہی نعرہ ہے کہ عمران خان کو رہا کرو۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو کوئی نہیں روک سکتا۔

پنجاب اسمبلی کے کئی ارکان کو ڈی سیٹ کیے جانے اور بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کا یہ لاہور دورہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے، جس کا مقصد آئینی احترام اور جمہوریت کی بالادستی کو اجاگر کرنا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس