فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث دو، جب کہ کرپشن اور فراڈ میں ملوث میپکو کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر انسانی اسمگلنگ کے خلاف فیصل آباد زون میں کارروائیاں کی گئیں، جس دوران سرگودھا کے مختلف علاقوں سے دو ملزمان غلام قادر اور تنویر الحسن کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم غلام قادر پر الزام ہے کہ اس نے ایک شہری سے یونان بھجوانے کے لیے 30 لاکھ روپے ہتھیائے، جب کہ ملزم تنویر الحسن نے سعودی عرب ملازمت دلوانے کے بہانے 11 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم دونوں ملزمان شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم لینے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے ملتان زون کی ایک کارروائی میں میپکو کے دو اہلکار بارش علی اور محمد یاسین کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بارش علی میپکو سب ڈویژن بہاولنگر میں لائن سپریٹنڈنٹ، جب کہ محمد یاسین اسسٹنٹ لائن مین کے طور پر تعینات تھا۔
مزید پڑھیں: ’کسی گرفتاری کی گنجائش نہیں‘ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا قافلہ خیبر پختونخوا سے لاہور کے لیے روانہ
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں اہلکاروں نے محمد شکور نامی ایل ڈی سی کی ملی بھگت سے نیشنل بینک کی جعلی مہریں استعمال کرتے ہوئے بوگس ڈیمانڈ نوٹسز جاری کیے اور سرکاری اسٹور سے نئے میٹرز نکلوا کر رشوت کے عوض مختلف مقامات پر نصب کیے۔
تکنیکی رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔
ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔