ترجمان جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور خود فارم 47 کے وزیر اعلیٰ ہیں اور چند مہینوں کے مہمان ہیں۔
ترجمان جے یو آئی (ف) نے کہا کہ وزیر اعلیٰ باجوڑ جانے کے بجائے لاہور میں سیر سپاٹا کر رہے جو انتہائی شرمناک ہے، وزیر اعلیٰ اپنے سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے اعتراف کے مطابق جعلی مینڈیٹ پر براجمان ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سر تا پاؤں کرپشن میں ڈوبی ہے، صوبائی خزانہ سے لاہور کا ٹور کرنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے حقیقت پر مبنی بیان نے وزیر اعلیٰ کی ڈرامہ بازی پر پانی پھیر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کے دوران جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے پی میں تبدیلی لانے کے بجائے اپنے اندر تبدیلی لے آئیں، ان کے پاس مینڈیٹ جعلی ہے اور وہ فارم 47 کے بینفشری ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ایک ایم این اے اور 2 ایم پی اے میرٹ پر ہیں، باقی سب فارم 47 پر ہیں، مولانا نے لوگوں کو گمراہ کیا، اس لیے اپنے حلقے سے نہ جیت سکے۔
دوسری جانب علی امین کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو فارم 47 کا بینفشری کہنے والا گنڈاپور بتائے کہ وہ کس کے این او سی پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ بنے؟ وہ نہ تو تین میں ہیں اور نہ ہی تیرہ میں بلکہ تین سو تیرہ میں ہیں۔
مزید پڑھیں: علی امین پرامن شخص نہیں، آج پھر مولا جٹ بننے کی کوشش کی، عظمیٰ بخاری
رہنما جے یو آئی نے کہا ہے کہ کے پی جل رہا ہے اور عوام امن کے لئے ترس رہے ہیں، جب کہ یہ لاو لشکر سمیت پنجاب فتح کرنے نکلے مگر لاہور میں بھڑکے مارتے رہے، آج بھی ان کی حکومت دولت اور طاقت کے بل پر کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی اپنی پارٹی میں آپ کی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہے، آئے روز خیبرپختونخوا کے عوام اپنے پیاروں کی نعشیں اٹھا رہے ہیں اور تم کو گیارہ کروڑ بسکٹ کھانے سے فرصت نہیں ہے۔