اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف نو کارروائیوں کے دوران 65.278 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لیں جن کی مالیت تقریباً 98 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
اے این ایف ہیڈکوارٹرز کے ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں تعلیمی اداروں کو منشیات کی فراہمی میں ملوث افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔کارروائیوں کے دوران 3 خواتین سمیت 9 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر ایک کالج کے قریب ایک گاڑی سے تین کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں ایک مشتبہ شخص کو ایک یونیورسٹی کے قریب سے 1.5 کلوگرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔
گرفتار افراد نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
فیصل آباد ایئرپورٹ پر ایک کارروائی کے دوران قطر جانے والے مسافر کے سامان سے 1.378 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی جو ایک ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی تھی۔ مسافر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور کے ورسک روڈ پر گجرات اور کراچی جانے والے دو پارسلز سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جو کوریئر سروس کے ذریعے بھیجے جا رہے تھے۔

کراچی میں سہراب گوٹھ بس اسٹینڈ کے قریب کارروائی میں دو خواتین کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ ایک اور خاتون کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب 12 کلوگرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔لاہور میں جی ٹی روڈ شالیمار باغ کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 13.20 کلوگرام چرس اور 6 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔
کراچی کے ہجرت کالونی کے قریب ایک اور کارروائی میں ایک موٹرسائیکل سوار سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جو بس میں سفر کر رہا تھا۔
اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے آئندہ بھی ملک گیر سطح پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔