برطانوی حکومت نے 18 سے 21 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ’یوتھ گارنٹی‘ کے نام سے نیا منصوبہ متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، تربیت یا روزگار سے منسلک رکھنا ہے۔
یہ منصوبہ حکومت کے ’پلان فار چینج‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور ان کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت انگلینڈ بھر میں 8 مقامات پر ’یوتھ گارنٹی ٹرائل بلیزرز‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو نوجوانوں کو مہارت، تربیت اور روزگار کے شعبے میں رہنمائی اور سہولت فراہم کریں گے، جب کہ جاب سینٹرز کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے 45 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ نوجوانوں کی رائے کو شامل کرنے کے لیے ایک ’یوتھ ایڈوائزری پینل‘ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ پالیسی سازی نوجوانوں کی حقیقی ضروریات کے مطابق کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور اسرائیل کی ٹرمپ نواز پالیسی: کیا نوبل امن انعام سفارتی ہتھیار بن چکا ہے؟
ذرائع کے مطابق اس مشاورتی پینل میں شامل نوجوانوں نے حکومت کو کئی تجاویز دی ہیں، جن پر عملدرآمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔