روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے۔
یہ ملاقات چین کے شہر بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی اوکے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران ہوئی۔

روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ لاوروف نے چینی صدر کو روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی طرف سے دوستانہ سلام اور نیک خواہشات پہنچائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے دوطرفہ سیاسی روابط سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں روسی صدر کے آئندہ دورہ چین کی تیاریاں بھی شامل تھیں۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن تین ستمبر کو چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور جاپان پر فتح کی سالگرہ کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ روسی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی غرض سے۔
چین اور روس کے تعلقات عالمی سطح پر اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ان کے تعلقات کا دائرہ اقتصادی سیاسی اور سلامتی کے معاملات تک وسیع ہونا چاہیے۔