پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے سینیٹ انتخابات 2025 سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے نئے سیشن ہال میں سینیٹ کی نشستوں کے لیے ووٹنگ 21 جولائی بروز پیر کو منعقد ہو گی۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ رول 210 کے تحت اسمبلی کی 15 اجلاسوں کے لیے معطل کیے گئے ارکان کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہوگا۔ معطل ہونے والے اراکین سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
اسمبلی کی جانب سے جاری کردہ ایک آفس میمورنڈم میں ان تمام 26 معطل ارکان کے ناموں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جو 15 اجلاسوں سے معطل تھے، مگر اب وہ ووٹ ڈالنے کے اہل قرار پائے ہیں۔
ان میں پی پی 13 سے ملک فہد مسعود، پی پی 19 سے محمد تنویر اسلم، پی پی 260 سے سیما کنول پی پی 281 سے شوائب امیر اور پی پی 282 سے اسامہ اصغر علی گجر شامل ہیں۔

ان کے علاوہ شعیب امیر، خالد زبیر، شاہد جاوید، سجاد احمد، رانا اورنگ زیب اور دیگر ارکان کو بھی اجازت دی گئی ہے۔ مکمل فہرست میں ارکان کا تعلق مختلف حلقوں اور سیاسی وابستگیوں سے ہے۔
میمورنڈم پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سیکریٹری جنرل چوہدری عامر حبیب کے دستخط موجود ہیں، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ یہ تمام ارکان 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈال سکیں گے۔