Follw Us on:

لاہور میں مون سون کی سب سے زیادہ بارش، گھر کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق، دو زخمی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Rain
واسا کے مطابق نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں اور تمام مشینری فیلڈ میں متحرک ہے۔ (فوٹو ڈان نیوز)

لاہور اور گردونواح میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پانی والا تالاب میں 171 ملی میٹر اور اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو رواں مون سون سیزن کی بلند ترین مقدار ہے۔

شدید بارش کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 35 سالہ رانی، 4 سالہ لطیفہ اور 3 سالہ خدیجہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Rains
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ (فوٹو: الجزیرہ)

شہر کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جن میں لکشمی چوک، جیل روڈ، مال روڈ، اندرون شہر، گلبرگ اور اچھرہ شامل ہیں۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

واسا کے مطابق نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں اور تمام مشینری فیلڈ میں متحرک ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔

ادھر پنجاب کے دیگر شہروں پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس