ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کرکٹ ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ شکریہ آندرے رسل! جس دن آپ نے ویسٹ انڈیز کی مارون جرسی پہن کر میدان میں قدم رکھا، اُس دن سے صرف کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ دلوں کو گرمایا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ آپ نے 15 سال تک ویسٹ انڈیز کی شان کے لیے طاقت، جذبہ اور فخرسب کچھ دیا۔ یہ ایک ایسے جنگجو کی میراث ہے، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
THANK YOU, ANDRE RUSSELL. 🙏🏽💥
— Windies Cricket (@windiescricket) July 16, 2025
From the moment you stepped onto that field in maroon, you didn’t just play—you ignited. 💪🏽
Power. Passion. Pride. You gave us everything.
This isn’t just #OneLastDance — it’s the legacy of a warrior.🫶🏽❤️#OneLastDance #WIvAUS #FullAhEnergy pic.twitter.com/lKW6roISrG
میڈیا رپورٹس کے مطابق آندرے رسل آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیرباد کہیں گے۔ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ، جمیکا کے سبینا پارک میں کھیلے جانے والے پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گے۔
آندرے رسل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی ان کی زندگی کا سب سے بڑا فخر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 37 سالہ رسل اب تک ویسٹ انڈیز کی جانب سے 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ 2019 سے صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم کا حصہ تھے۔