پاکستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔ راولپنڈی، چکوال، جہلم اور شیخوپورہ میں الخدمت کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔
شیخوپورہ کے نواحی گاؤں سالار بھٹیاں میں رضاکار شدید بارش کے پانی میں گھرے متاثرہ خاندانوں اور ان کی املاک کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں مصروف ہیں،اسی طرح راولپنڈی کے علاقوں نالہ لئی، اڈیالہ روڈ، مری روڈ اور گورکھپور میں بھی الخدمت کی امدادی ٹیمیں متاثرین کو ریسکیو کر کے محفوظ پناہ گاہوں تک پہنچا رہی ہیں۔
اسی طرح الخدمت کے رضاکار بارشوں اور سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کررہے ہیں۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔ ٹیمیں موقع پر موجود رہتے ہوئے نہ صرف ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہی ہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے تیار شدہ کھانا بھی پیک کر کے فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ رضاکارانہ نیٹ ورک ملک بھر میں قدرتی آفات کے دوران انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔