جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)ف کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت خوش آئند ہے اور اس سے دینِ اسلام کے فروغ کو تقویت ملے گی۔
ڈیرہ تاجی کھوکھر پر شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم نے آئین کو اسلامی بنانے کےلیے ہر فورم پر آواز بلند کی،ختم نبوت کے معاملے پر سپریم کورٹ کو مؤقف بدلنے پر مجبور کیا۔
سربراہ جے یو آئی کاکہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، معیشت کا دھڑن تختہ ہو چکا، ہمسایہ ممالک ترقی کر رہے ہیں، پاکستان معاشی بحران میں ڈوبا ہوا ہے۔ عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لائے بغیر بہتری ممکن نہیں، فرخ کھوکھر کے ڈیرے کا فیصلہ اسلام آباد و راولپنڈی کے سیاسی رجحان کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہب کی توہین کی جا رہی ہے، پاکستان میں مخصوص لابی مذہبی اقدار کو کمزور کرنا چاہتی ہے، یہ وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا، اس کی نظریاتی بنیادوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں فرخ کھوکھر کے ڈیرے پر آمدہوئی، جہاں انہوں نے فرخ کھوکھر سے ملاقات کی۔
فرخ کھوکھر نے مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے ڈیرے آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، میرا گھرانہ سیاسی ہے، میرے والد پیپلز پارٹی سے منسلک تھے، ختم نبوت کی تقریر سن کر میں مولانا فضل الرحمان سے متاثر ہوا۔
مزید پڑھیں: حمیرا اصغر کیس: پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کسی زہریلے مادے کی موجودگی ثابت نہ ہو سکی
واضح رہے کہ فرخ کھوکھر سابق ڈپٹی سپیکر حاجی مصطفیٰ نواز کھوکھر کے بھائی امتیاز عرف تاجی کھوکھر کے صاحبزادے اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے کزن ہیں۔