وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے آج واشنگٹن، ڈی سی میں امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارت کے نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر کے ساتھ ایک تعمیری ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے تجارت اور معاشی تعلقات، جو کہ پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کی قیادت کے عزم کی توثیق کی کہ وہ دوطرفہ تعلقات خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ راستوں کو تلاش کریں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان ان تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلق قائم ہو، جن میں روایتی اور غیر روایتی شعبہ جات، ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت وغیرہ جیسے اہم شعبہ جات شامل ہیں۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات ایک مثبت نتیجے پر منتج ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ میسر آئے گا۔