پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت خبروں میں ہیں اور اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہتے ہیں کہ انہوں نے امریکہ میں چین کے مخالف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ یہ ماجرا کیا ہے؟
محسن نقوی نے 25 جنوری کو پاکستان واپسی سے قبل امریکی شہر ہیوسٹن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ انہوں نے امریکہ میں نوجوانوں کی ایک تقریب میں شرکت کی تھی جس کو ’پراپیگنڈہ کر کے غلط رنگ دیا گیا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی اور ان کے مخالفین ’زہریلا پروپیگنڈا‘ کر رہے ہیں۔ایسے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں کسی بھی اینٹی چائنہ فنکشن میں نہیں گیا۔‘
انھوں نے اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر بولے کہ ’میرے دورے کا مقصد امریکہ کے سیاستدانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک موثر پلان بنانا ہے۔ دہشت گردی صرف پاکستان کی لڑائی نہیں یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے۔پاکستان کے خلاف جو بھی ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ امریکہ کے ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کا نقصان ہو۔‘ امریکی کانگریس اراکین کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ’بہت مثبت‘ رہیں۔
یادرہے کہ محسن نقوی نے23 جنوری 2025 کو واشنگٹن میں امریکی کانگریس مین جو ولسن اور روب بریسنہان سے ملاقات کی جس کے کچھ دیر بعد کانگریس مین جو ولسن کے ایکس اکاؤنٹ پہ ’فری عمران خان‘ کی پوسٹ کی گئی۔

ہفتے کو وفاقی زیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی۔