Follw Us on:

سلامتی کونسل کے اہم اجلاسوں کی صدارت کے لیے وزیر خارجہ نیویارک پہنچ گئے، کون کون سے اجلاس ہوں گے؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ishaq dar ny
وہ نیویارک میں فلسطین کے مسئلے پر ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ (فوٹو: منسٹری آف فارن افیئرز)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے تحت ہونے والے اہم اجلاسوں میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے، جو کہ پاکستان کا آٹھواں موقع ہے کہ وہ بطور غیر مستقل رکن اس ادارے میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار 21 سے 28 جولائی تک کے سرکاری دورے پر نیویارک اور واشنگٹن میں اہم دو طرفہ اور کثیرالجہتی ملاقاتیں کریں گے۔

وہ نیویارک میں فلسطین کے مسئلے پر ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے اور اس کا مقصد دو ریاستی حل کے لیے عالمی حمایت کو مؤثر بنانا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس دورے کے دوران اسحاق ڈار اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں تاکہ عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس دورے کے دوران وزیر خارجہ کی ملاقات اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وہ 25 جولائی کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسحاق ڈار کی نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب آصف افتخار اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ان کا استقبال کیا۔

فلسطین کے مسئلے پر ہونے والی کانفرنس پہلے جون میں طے تھی لیکن ایران اسرائیل جنگ کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی۔ اب یہ اجلاس 28 اور 29 جولائی کو منعقد کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرے گا۔

پاکستان نے مسلسل عالمی فورمز پر فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے اور غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں حالیہ خطاب میں پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا تھا کہ وہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر خاموش تماشائی نہ بنے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس