پنجاب اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن کے معطل کیے گئے 26 ارکان کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے ارکان کی واپسی پر حکومتی ارکان نے تالیاں بجا کر استقبال کیا ۔
دوران اجلاس وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی سے عوام کی حق نمائندگی متاثر ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی بھی خواہش ہے کہ ان ارکان کو عوام کا حق نمائندگی ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قائم مقام اسپیکر صاحب آپ سے درخواست ہے کہ 26 معطل ارکان کی بحالی پر نظر ثانی کی جائے، اپوزیشن کے بغیر ایوان کا ماحول دل کو نہیں لگ رہا۔

قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر مجھے بھی مزا نہیں آرہا، اپوزیشن کی بحالی پر اچھا پیغام جائے گا فوری طورپر 26 ارکان کو بحال کرنے کا حکم دیتا ہوں، قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے فوری نوٹی فکیشن جاری کرکے اپوزیشن ارکان کو ایوان میں لانے کی ہدایت کردی۔
اپوزیشن اراکین ایوان میں آئے توحکومتی اراکین نے تالیاں بجاکر ان کا استقبال کیا
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اراکین کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ جناب سپیکر ہم اپوزیشن اراکین کو ویلکم کرتے ہیں، ہمیں بہت خوشی ہے کہ آپ ایوان میں آئے ہیں۔
مزید پڑھیں:9 مئی کیس: پی ٹی آئی رہنما احمد خان بچھر کو 10 سال قید کی سزا
واضح رہے کہ معطل ارکان کی بحال کے لیے صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے ایک سے زائد دور چلے جس کے بعد معاملات طے پائے۔