لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کے اعلان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
تقریب کی صدارت کمشنر لاہور ڈویژن اور چیئرمین بورڈ زید بن مقصود نے کی، جب کہ سیکرٹری و کنٹرولر امتحانات رضوان نذیر بھی موجود تھے۔
مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حرم فاطمہ (رول نمبر 115235) نے 1193 نمبر حاصل کر کے حاصل کی۔ دوسری پوزیشن نورالہدی (رول نمبر 119842) اور حاجی ابوذر تنویر (رول نمبر 220365) نے مشترکہ طور پر 1188 نمبر لے کر حاصل کی۔ جب کہ تیسری پوزیشن محمد علی (رول نمبر 254976) نے 1187 نمبر حاصل کر کے اپنے نام کی۔
سائنس گروپ میں لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاجی ابوذر تنویر نے 1188 نمبر لےکر حاصل کی، دوسری پوزیشن محمد علی نے 1187 نمبر لےکر، جب کہ تیسری پوزیشن محمد ذاحب صدیق اور فیضان رضا نے 1186 نمبر لےکر حاصل کی ہے۔
سائنس گروپ میں لڑکیوں میں پہلی پوزیشن حرم فاطمہ نے 1193 نمبر لے کر حاصل کی ہے۔ دوسری پوزیشن نورالہدی نے 1188 نمبر، جب کہ تیسری پوزیشن عائشہ محی الدین اور فاطمہ فیصل نے 1186 نمبر لے کر حاصل کی ہے۔

آرٹس گروپ میں لڑکوں میں پہلی پوزیشن ابوبکر نے 1088 نمبرلے کر، دوسری پوزیشن محمد طلحہ نے 1074 نمبراور تیسری پوزیشن غلام عباس نے 1065 نمبر لےکر حاصل کی ہے۔
لڑکیوں میں پہلی پوزیشن حافظہ عمارہ اشرف نے 1154 نمبر، دوسری پوزیشن ایفا عثمان نے 1149 نمبر اور تیسری پوزیشن زینب بنت عاصم بٹ نے 1141 نمبرلے کر حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں مون سون بارشوں سے مزید 11 ہلاکتیں، مجموعی اموات 234 ہو گئیں
واضح رہے کہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں جمعرات، 24 جولائی 2025 کو صبح 10 بجے ایک خصوصی تقریب نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس لاہور میں منعقد کی جائے گی، جس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات اور ٹاسک فورس کے چیئرمین میاں مزمل محمود خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور نمایاں طلبہ و طالبات میں انعامات و سرٹیفکیٹس تقسیم کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ زید بن مقصود نے کامیاب امیدواروں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دی اور مستقبل میں بھی اسی طرح محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔