تعلیم کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) راولپنڈی نے طلبہ کے ذاتی کوائف میں اصلاح کے لیے نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا ہے۔
اس نظام کے تحت طلبہ اب اپنے نام، والد کے نام اور تاریخ پیدائش جیسی معلومات میں تصحیح کی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں اور انہیں اس مقصد کے لیے بورڈ آفس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام شفافیت کو فروغ دینے اور ہزاروں امیدواروں کا وقت اور پیسہ بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
چیئرمین راولپنڈی بورڈ عدنان خان کا کہنا تھا کہ بورڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے خود کو ایک مثالی، مؤثر اور شفاف ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تصدیقی عمل اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) کے اجرا کا مکمل نظام بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
ان اصلاحات کے باعث طلبہ کو اب ایجنٹس یا مشیروں پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔ تمام سہولیات چند کلکس کے ذریعے گھر بیٹھے دستیاب ہیں۔
مزید پڑھیں:لاہور بورڈ نے میٹرک 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کردیا
راولپنڈی بورڈ کی یہ جدید کوشش نہ صرف طلبہ کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ ملک بھر کے دیگر تعلیمی بورڈز کے لیے بھی قابل تقلید مثال ہے۔