طبی ماہرین نے کے مطابق بیگ کا انتخاب کرتے وقت صرف انداز نہیں بلکہ جسمانی ساخت اور صحت کو بھی دیکھنا چاہیے۔
ماہرین نے کندھوں کے درد سے بچاؤ کے لیے بیگ کے درست انتخاب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بیگ کا انتخاب کرتے وقت صرف انداز یا سہولت نہیں بلکہ جسمانی ساخت اور صحت کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
آرتھوپیڈک ماہرین کے مطابق سلِنگ بیگ یا میسنجر بیگ ایک کندھے پر وزن ڈال دیتے ہیں جس سے وزن غیر مساوی انداز میں تقسیم ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ کندھوں گردن اور کمر میں درد پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیگ عموماً کم سامان کے لیے موزوں ہوتے ہیں اور زیادہ وزن ڈالنے کی صورت میں جسمانی توازن متاثر ہو سکتا ہے۔
بیک پیک کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ وزن کو دونوں کندھوں پر برابر بانٹتے ہیں جس سے عضلاتی دباؤ کم ہوتا ہے اور جسمانی ساخت متوازن رہتی ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق بیک پیک اگر صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے یعنی پٹیاں مناسب انداز میں ایڈجسٹ کی جائیں اور وزن معمول کے اندر رکھا جائے تو یہ کندھوں اور کمر کے درد سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مزید براں جدید بیک پیکس ارگونومک ڈیزائن کے ساتھ تیار کیے جا رہے ہیں جن میں پیٹھ کو سہارا دینے والی پرتیں نرم پٹیاں اور ہوا گزرنے والا مواد شامل ہوتا ہے جو طویل وقت تک بیگ اٹھانے کو آرام دہ بناتا ہے۔
ماہرین کی تجویز ہے کہ بیگ کے انتخاب میں صارفین کو اپنی روزمرہ کی ضروریات اور جسمانی حالت کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ طویل مدتی جسمانی نقصان سے بچا جا سکے۔