وزیراعظم پاکستان سے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے ضم اضلاع کے طلبہ کے لیے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں کوٹہ بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں قبائلی عمائدین کی میزبانی پر خوشی ہے، کیونکہ ان کا تعلق ان علاقوں سے ہے جو شاندار تاریخی پس منظر اور روایات کے امین ہیں۔
ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کے قیام اور پائیدار ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں ضم اضلاع کے طلبہ کے لیے مخصوص کوٹہ نہ صرف بحال کیا جا رہا ہے بلکہ اس پر سختی سے عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی قیادت نے مک مکا کرلیا، حافظ نعیم الرحمان
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اظہار مسرت کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ علاقے کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے امید کی کرن ہے۔