وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی حاصل کی جس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ قابلیت کی معترف ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین جنگی حکمت عملی کی بدولت انڈیا جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ پاکستان کے نوجوان انڈیا کے خلاف تاریخی فتح پر اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے صدر نے پاکستان کے آرمی چیف کو کھانے پر مدعو کیا جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کا نام لیے بغیر کہا گیا کہ وہ شدید دباؤ میں فیلڈ مارشل کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ ایک منظم کوشش ہے جس کے پیچھے وہی عناصر ہیں جو ماضی میں بھی سازشوں میں ملوث رہے۔
مزید پڑھیں: نائب وزیراعظم سرکاری دورے پر واشنگٹن میں آج مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے
انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے والے آج قانون کی حکمرانی کے دعوے کر رہے ہیں۔ نو مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں اور ان کے سہولت کاروں کو سزائیں دی جا رہی ہیں جو کہ قانون کی عمل داری کا ثبوت ہے۔
عظمیٰ بخاری کے بیان پر تاحال پاکستان تحریک انصاف یا اس کے کسی رہنما کی طرف سے ردعمل سامنے نہیں آیا۔