ایلون مسک کے حکم پر یوکرین کے جنگی علاقوں میں سٹارلنک کی سروس بند کر دی گئی، جس کے نتیجے میں یوکرینی افواج کے جوابی حملے متاثر ہوئے۔ یہ وہی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ہے جو جنگ کے آغاز پر مسک نے یوکرین کو میدانِ جنگ میں مواصلاتی رابطے برقرار رکھنے کے لیے فراہم کی تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایلون مسک نے کیلیفورنیا میں موجود سپیس ایکس کے ایک سینئر انجینئر کو ہدایت دی کہ یوکرین میں ان تمام علاقوں میں سٹارلنک کی سروس بند کر دی جائے، جنہیں یوکرین دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یوکرینی فوجی اہلکار افواج کے ایک مشیر اور دیگر دو افراد کے مطابق اچانک مواصلاتی خاموشی نے فوجی کارروائی کو متاثر کیا۔ ڈرونز بند ہو گئے، دور مار توپ خانے نشانے پر فائر نہ کر سکے اور فوجی دستے ایک روسی پوزیشن کو گھیرنے میں ناکام رہے۔ ایک اہلکار نےرائٹرز کو بتایا کہ محاصرہ مکمل طور پر رک گیا۔ یہ ناکام ہو گیا۔
سپیس ایکس کے ایک ترجمان نے رائٹرز کو ای میل میں کہا کہ یہ رپورٹ غلط ہے اور صحافیوں کو ایک پرانی ایکس پوسٹ کی طرف رجوع کرایا، جس میں لکھا تھا سٹارلنک یوکرین کو سروس فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔تاہم ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ رپورٹ میں کیا چیز غلط ہے اور نہ ہی واقعے سے متعلق کسی سوال کا جواب دیا۔
مزید پڑھیں:مائیکروسافٹ کمپنی میں 17 ہزار سے زائد ملازمین فارغ، ملازموں کو کیوں نکالا گیا؟
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے دفتر اور وزارتِ دفاع نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ سٹارلنک اب بھی یوکرین کو سروس فراہم کر رہا ہے اور فوجی رابطوں کے لیے اس پر انحصار برقرار ہے۔ زیلنسکی نے رواں سال کے آغاز میں بھی سٹارلنک کی فراہمی پر ایلون مسک کا شکریہ ادا کیا تھا۔