رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں اغوا ہونے والے اقلیتی برادری کے تینوں افراد کو 24 گھنٹے کے اندر بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ افراد نواز آباد کی حدود سے گزشتہ رات اسلحے کی نوک پر اغوا کیے گئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ بھونگ میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں پولیس نے فوری طور پر اغوا کاروں کا تعاقب شروع کیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تینوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیاب ہونے والے افراد کا تعلق اقلیتی برادری سے ہے۔
مزید پڑھیں: کاغان: جھیل سیف الملوک میں کلاؤڈ برسٹ سے پھنسے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فوری اور مؤثر کارروائی پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور کچے کے مجرموں کی سرکوبی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا ہے کہ کچہ کے خطرناک عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔