امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری لڑائی ختم کروانے کے لیے تجارتی دباؤ ڈالنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ انہیں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تنازع کی یاد دلاتی ہے۔
ہفتے کے روز ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے پیغامات میں ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات کی ہے اور انہیں خبردار کیا ہے کہ اگر فوری جنگ بندی نہ کی گئی تو امریکا سخت تجارتی پابندیاں عائد کرے گا۔

انہوں نے لکھا کہ دونوں ممالک جنگ بندی اور امن کے خواہاں ہیں اور امریکا کے ساتھ دوبارہ تجارتی بات چیت چاہتے ہیں، مگر واشنگٹن یہ بات چیت اُس وقت تک مناسب نہیں سمجھتا جب تک لڑائی بند نہ ہو۔
ٹرمپ نے پہلے کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہون مانیت سے بات کی اور امن قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دونوں ممالک نے جنگ روکنے پر اتفاق نہ کیا تو امریکا کسی کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔

اس کے بعد ٹرمپ نے تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیر اعظم ویچایاچائی سے بھی رابطہ کیا اور انہیں بھی فوری جنگ بندی کی ترغیب دی۔ اس صورتحال کا موازنہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان بھی ایک شدید تنازع تھا جسے امریکا کی ثالثی سے ختم کروا لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا اسکاٹ لینڈ کا دورہ، سکیورٹی ہائی الرٹ، مظاہروں کی اطلاعات
یاد رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی بیشتر برآمدات پر 36 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے، جو یکم اگست سے نافذ العمل ہو گا۔
دونوں ممالک کے درمیان تین دن سے جاری جھڑپوں میں اب تک کم از کم 33 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔