پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
100 انڈیکس میں 870 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 40 ہزار 77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری دن کے آغاز پر انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد مارکیٹ کی سطح ایک لاکھ 40 ہزار 149 پوائنٹس تک جا پہنچی۔
جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 514 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 39 ہزار 207 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 پیسے کی کمی کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈالر 283 روپے 35 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہو کر 282 روپے 90 پیسے پر آ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں جاری تیزی کی ایک بڑی وجہ معیشت کے بعض شعبوں میں بہتری غیر یقینی صورتحال میں کمی اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے واضح اشارے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید استحکام کی طرف جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: فیکٹ چیک: کیا بجلی کے بل میں 201 یونٹ پر 30 روپے فی یونٹ کی نئی پالیسی آ گئی؟
ابھی تک اس بارے میں حکومتی یا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم مالیاتی ماہرین مارکیٹ میں بہتری کو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
واضع رہے کہ یہ مسلسل دوسرا ہفتہ ہے جب مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری سیاسی استحکام اور مالیاتی اشاریوں کے مثبت اشاروں کے باعث انڈیکس میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی تھی۔