تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں آج پیر کے روز ایک مسلح شخص نے مارکیٹ میں فائرنگ کر کے کم از کم چھ افراد کو ہلاک کر دیا، جن میں حملہ آور خود بھی شامل تھا۔
تھائی پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ حملہ آور کون تھا اور اس کے اس اقدام کی وجہ کیا تھی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے پانچ سیکیورٹی گارڈز کو قتل کیا اور بعد میں خودکشی کر لی۔ بنکاک کے بانگ سو ضلع میں واقع اس مارکیٹ میں زیادہ تر زرعی اجناس فروخت کی جاتی ہیں۔
پولیس اہلکار سانونگ سینگمانی نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی سیاح ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

یہ واقعہ تھائی لینڈ میں سیاحت کے شعبے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ سیاحت جنوب مشرقی ایشیا کی دوسری بڑی معیشت کے لیے اہم ذریعہ آمدن ہے، جو حالیہ برسوں میں سست روی کا شکار ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں ایک مشتبہ شخص کو سفید ٹوپی پہنے اور سینے پر بیگ لٹکائے مارکیٹ کی پارکنگ میں چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تھائی لینڈ میں اسلحے کا استعمال اور ذاتی ملکیت میں اسلحہ رکھنا عام بات ہے۔ اکتوبر 2023 میں ایک 14 سالہ لڑکے نے مرکزی بنکاک کے ایک پرتعیش شاپنگ مال میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کر دیا تھا۔
اس سے ایک سال قبل ایک سابق پولیس اہلکار نے مشرقی تھائی لینڈ کے ایک نرسری اسکول میں حملہ کر کے 36 افراد کو قتل کیا تھا، جن میں 22 بچے شامل تھے۔