کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب ایک گھر سے میاں، بیوی اور چھ سالہ بچے کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق مقتولین کی شناخت عبدالمجید، اس کی اہلیہ سکینہ اور چھ سالہ بیٹے عبدالنبی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق مقتول جوڑے نے پسند کی شادی کی تھی، جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع جاری تھا اور کئی سال سے صلح کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب لڑکی کے اہل خانہ نے حملہ کر کے تینوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
مزید پڑھیں: کراچی: بوٹ بیسن میں قتل ہونے والے جوڑے کا تعلق گوجرانوالہ سے نکلا
پولیس کے مطابق مقتولین نے چھ ماہ قبل ہی گھگر پھاٹک کے قریب واقع گوٹھ میں رہائش اختیار کی تھی، جب کہ دونوں خاندانوں کا تعلق شکارپور سے ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق واقعے کے وقت کسی قسم کے شور یا ہنگامے کی آواز سنائی نہیں دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ لڑکے کے اہل خانہ کی آمد کے بعد ان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔ لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد اسٹیل ٹاؤن سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔