میزان بینک نے اپنے ویزا انفینٹ ڈیبٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے پاکستان کی پہلی ویزا گلوبل ای سم متعارف کرا دی۔ یہ سم بین الاقوامی سفر کے دوران بغیر کسی فزیکل سم کی تبدیلی کے باآسانی عالمی ڈیٹا کنیکٹیویٹی فراہم کرتی ہے۔
میزان بینک کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ویزا کی جانب سے پیش کی جانے والی ویزا گلوبل ای سم ایک جدید ڈیجیٹل سہولت ہے جو مسافروں کو 150 سے زائد ممالک میں فوری طور پر موبائل نیٹ ورک تبدیل کرنے اور انٹرنیشنل ڈیٹا پلان فعال کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اس سہولت کے آغاز کے موقع پر میزان ویزا انفینٹ کارڈ ہولڈرز کو 21 دن کے لیے 3 جی بی مفت ہائی اسپیڈ ڈیٹا دیا جائے گا، جب کہ اضافی ڈیٹا ٹاپ اپ پر 25 فیصد رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔

میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس سید افتخار الحق نے کہاکہ اس منفرد طرز زندگی کی سہولت کے ذریعے ہمارے صارفین بیرونِ ملک سفر کے دوران مقامی سم خریدنے یا غیر محفوظ وائی فائی پر انحصار کرنے کی جھنجھٹ سے بچ سکیں گے۔ یہ سہولت ہمارے پریمیم کارڈ ہولڈرز کے لیے آسانی اور تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہے۔
ویزہ پاکستان و افغانستان کے کنٹری مینیجر عمر خان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری عالمی سطح پر محفوظ کنیکٹیویٹی کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 175 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا
یہ ای سم ویزا کے عالمی نیٹ ورک کے تحت فراہم کی گئی ہے اور جدید اسمارٹ فونز کے ساتھ وسیع مطابقت رکھتی ہے۔ یہ نئی سہولت میزان بینک کی اسلامی بینک کاری میں جدت اور صارفین کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی بھی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ویزا انفینٹ ڈیبٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے ویزا گلوبل ای سم کی دستیابی بین الاقوامی مسافروں کے لیے کئی عملی فوائد فراہم کرے گی۔
فزیکل سم کی ضرورت کو ختم کرتے ہوئے یہ سم صارفین کو ان کے موبائل ڈیوائسز پر براہِ راست انٹرنیشنل ڈیٹا پلان فعال کرنے کی سہولت مہیا کرے گی، جس سے 150 سے زائد ممالک میں پہنچتے ہی فوری اور بلاتعطل کنیکٹیویٹی ممکن ہو گی۔