انڈین اپوزیشن جماعتوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 25 فیصد ٹیرف کی دھمکی کو نئی دہلی کی سفارتی ناکامی قرار دیتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے، جب کہ اس خبر کے بعد انڈین روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور ایکویٹی انڈیکسز میں بھی گراوٹ دیکھی گئی۔
ٹرمپ کی مجوزہ شرح ٹیرف انڈیا کو دیگر بڑے تجارتی شراکت داروں کے مقابلے میں زیادہ سختی سے نشانہ بناتی ہے اور اس اقدام سے مہینوں سے جاری مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انڈیاکو امریکا کے ایک اہم اسٹریٹجک اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو چین کے مقابلے میں ایک توازن قائم کر سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ انڈیا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر جمعہ سے ٹیرف نافذ کیا جائے گا، جس کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ تعلقات اور بی آر آئی سی ایس اتحاد میں شمولیت پر غیر معین “سزا” بھی لاگو ہوگی۔ تاہم انہوں نے بعد ازاں یہ بھی کہا کہ تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔

اس کے ردِعمل میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کہا کہ وہ امریکی صدر کے بیان کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے اور منصفانہ تجارتی معاہدے کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے لوک سبھا میں جمع کرائی گئی ایک نوٹس میں کہا کہ یہ پیش رفت مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی مجموعی ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ بحث کا موضوع ہوگا کہ انڈین برآمدات پر 25 فیصد امریکی ٹیرف اور دیگر سزاؤں کو روکنے میں حکومت کی اقتصادی و سفارتی ناکامی۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 175 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا
انڈیا کے معیاری اسٹاک انڈیکسز نِفٹی 50 اور بی ایس ای سینسیکس میں تقریباً 0.6 فیصد کی کمی دیکھی گئی، جبکہ انڈین روپیہ 87.74 کی سطح تک گر گیا، جو کہ گزشتہ پانچ ماہ کی کم ترین سطح ہے، تاہم بعد میں اس میں کچھ بہتری آئی۔