Follw Us on:

لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس حادثے کا شکار، تین بوگیاں الٹ گئیں، 25 سے زائد افراد زخمی

مادھو لعل
مادھو لعل
Train
ٹرین کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ (فوٹو: فائل)

لاہور سے راولپنڈی جانے والی ایکسپریس ٹرین خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی ہے، یہ حادثہ کالا شاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان پیش آیاہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جن میں سے تین مکمل طور پر الٹ گئیں۔ اس خوفناک حادثے میں 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔

ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں اور کچھ دیر بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔ حادثے کے فوراً بعد مسافر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے کو بغیر کسی تاخیر کے جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے ریلوے کے عملے کو ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی، جب کہ طبی ٹیموں کو ہنگامی دیکھ بھال کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دیا گیا۔

Train
خوفناک حادثے میں 25 افراد زخمی ہوگئے۔ (فوٹو: فائل)

ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی اور لاہور سے آنے جانے والی ٹرینوں کے روٹ کو عارضی طور پر تبدیل کر دیا گیا  ہے۔ٹریک کلیئر ہونے تک ٹرینیں براستہ وزیر آباد ،سانگلہ ہل ، حافظ آباداور شاہدرہ  سے لاہور پہنچیں گی۔

ترجمان ریسکیو پنجاب  کا کہنا ہے کہ ریسکیو کنٹرول روم کو ٹرین حادثہ کی اطلاع ساڑھے سات بجے ملی،کالا شاہ کاکو نزد اتحاد کیمیکلز کے قریب اسلام آباد ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق چھ ایمرجنسی وہیکل اور 25 ریسکیور نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کردیا ،حادثے میں زیادہ تر مسافروں کو خراشیں آنےکی  اطلاعات ہیں، ابتدائی طور پر 25 لوگوں کو فرسٹ ایڈ دی گئی ہے ۔

ترجمان ریسکیو پنجاب کاکہنا ہے کہ بزرگ شہری مجاہد حسین عمر 55 سال کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا ہپ جوائنٹ متاثر ہوا ہے، وہ متاثرہ بوگی میں پھنس گے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ایکسپریس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیمز کو جلد از جلد مسافروں کی امداد کے لیے کاروائیوں کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ تمام بوگیوں میں مکمل سرچ آپریشن کیا جارہا ہے تاکہ کوئی مسافر پھنسا نہ ہوا ہو،زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر مریدکے منتقل کیا جارہا ہے، لاہور سے ریلیف ٹرین اور میڈیکل وین جائے حادثہ پر موجود ہے۔

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس