پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے مقابلے میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر سنسنی خیز انداز میں دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی اور سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب 7، صاحبزادہ فرحان 3 اور محمد حارث صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آغا سلمان 38 اور حسن نواز 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 134 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوئی اور پاکستان کے اسپنرز نے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔ محمد نواز نے 3 جبکہ صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم فاسٹ باؤلرز خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔
آخری دو اوورز میں ویسٹ انڈیز کو 24 رنز درکار تھے۔ حسن علی نے 19ویں اوور میں 16 رنز دے کر میچ ویسٹ انڈیز کی جھولی میں ڈال دیا۔
آخری اوور میں شاہین آفریدی نے بھرپور کوشش کی، مگر آخری گیند پر چوکا لگنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ گوڈا کیش موٹی 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
اس سے قبل پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
اب سیریز کا فیصلہ کن اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کے ساتھ کھیلا جائے گا۔